کمٹہ 4/ستمبر (ایس او نیوز)یہاں پر مچھلی مارکیٹ کے پاس واقع گندے پانی کی نکاسی کے نالے میں پیر پھسل کر گرنے کی وجہ سے ایک ضعیف خاتون زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کا نام مارکیٹ میں مچھلیا ں فروخت کرنے والی گرجا گووند گاوڈی (۰۷ سال) بتایا جاتا ہے۔کہتے ہیں کہ سر پر مچھلیاں اٹھاکر بھاگتے وقت اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ پیر پھسل کر گندے نالے میں گر گئی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چند برس پہلے چالیس لاکھ روپوں کی لاگت سے جو نئی مچھلی مارکیٹ تعمیر کی گئی تھی، اس وقت مارکیٹ کے اطرا ف میں جو نالہ کھودا گیا تھا وہ ابھی تک کھلا پڑا ہوا ہے۔ اگر اس کو ڈھانک دیا گیا ہوتا تو اس طرح کے حادثے نہیں ہوتے۔
اس حادثے کے بعد میونسپالٹی کے افسر اے این ایم میستا نے کہا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر اس کھلے ہوئے گندے پانی کے نالے کو سیمنٹ کے سلیب سے ڈھانک دیا جائے گا۔